لکھنؤ،21؍دسمبر(آئی این ایس انڈیا) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے حکومت پر بہت سنگین الزام لگایا ہے کہ ان کے بچوں کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کیا جا رہا ہے۔ جب کانگریس کے جنرل سکریٹری سے سیاسی مخالفین کے گھروں پر محکمہ انکم ٹیکس کے چھاپے اور غیر قانونی فون ٹیپنگ کے بارے میں سوالات پوچھے گئے تو انہوں نے یہ الزامات لگائے ہیں۔ پرینکاگاندھی نے کہاہے کہ حکومت سوشل میڈیا پر ان کے بچوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔انھوں نے کہاہے کہ میرے بچوں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس ہیک کیے جا رہے ہیں۔ فون ٹیپ کرنا کافی نہیں ہے۔ کیا ان کے پاس کوئی کام نہیں ہے؟پرینکا گاندھی کے دو بچے ہیں۔ ان کی 18 سالہ بیٹی میرایا واڈرا اور 20 سالہ بیٹاریحان واڈرا ہیں، حالانکہ ان کے بچے عوام میں کم ہی سامنے آتے ہیں۔ پرینکا گاندھی ان دنوں یوپی میں کافی سرگرم ہیں۔ اتر پردیش کی انچارج کے طور پر پرینکا گاندھی پر ملک کی سب سے بڑی ریاست میں پارٹی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی بڑی ذمہ داری ہے۔ حالیہ اسمبلی یا لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی بہت مایوس کن رہی ہے۔پرینکا گاندھی نے انتخابات سے قبل خواتین تک پہنچنے کی وزیر اعظم نریندر مودی کی کوششوں پر بھی حملہ کیا۔پرینکاگاندھی نے سوال کیاہے کہ پی ایم مودی نے خواتین کے بارے میں پہلے اعلانات کیوں نہیں کیے؟ انھوں نے یہ اعلان پچھلے پانچ سالوں میں کیوں نہیں کیا؟ میں لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں کے نعرے سے خواتین اب باشعور ہو چکی ہیں۔